اقوامِ متحدہ عالمی امن، انسانی حقوق اور ترقی کی علامت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

اقوامِ متحدہ عالمی امن، انسانی حقوق اور ترقی کی علامت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

Posted on: 02 Nov 2025   Tags:

کراچی (24 اکتوبر 2025ء)  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اقوامِ متحدہ کے 80 سال مکمل ہونے پر عالمی ادارے اور تمام رکن ممالک کو مبارکباد دی دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ عالمی امن، انسانی حقوق اور ترقی کی علامت ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں سندھ حکومت اقوامِ متحدہ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں اقوامِ متحدہ کے ساتھ اشتراک مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ عالمی تعاون ہی بہتر اور پُرامن مستقبل کی ضمانت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ نے دنیا میں انسانیت کی فلاح اور عالمی تنازعات کے حل میں نمایاں کردار ادا کیا، تاہم کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل آج بھی حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو انصاف اور انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق کشمیر و فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کے ہاتھوں ہزاروں بےگناہ شہریوں اور بچوں کا قتل اقوامِ متحدہ کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو 80 سال مکمل ہونے پر اپنی کارکردگی اور کامیابیوں کا ازسرِ نو جائزہ لینا چاہیے۔ یہ صرف جشن نہیں بلکہ انسانیت کے تحفظ اور انصاف کے تقاضوں کا احتساب بھی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں اقوامِ متحدہ نے پاکستان بالخصوص سندھ پر خصوصی توجہ دی اور سندھ حکومت اقوامِ متحدہ کے تعاون سے متاثرہ علاقوں کی بحالی و ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اقوامِ متحدہ کے ’ایجنڈا 2030‘ اور ’پیکٹ فار دی فیوچر‘ پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سماجی ترقی، ماحولیات اور صنفی برابری کے منصوبوں میں اقوامِ متحدہ کے تعاون کو قابلِ ستائش قرار دیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم سب کو عالمی اتحاد اور مشترکہ ترقی کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ترقی اور خوشحالی کے سفر میں سندھ حکومت کا عالمی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

Back