حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی پر سید مراد علی شاہ کا پُرخلوص خراجِ عقیدت

حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی پر سید مراد علی شاہ کا پُرخلوص خراجِ عقیدت

Posted on: 07 Jul 2025   Tags:

کراچی (5 جولائی 2025ء) یوم عاشور کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؑ نے دین اسلام کی بقاء، سچائی کے علمبرداری اور امت کی اصلاح کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر آنکھ شہدائے کربلا کی یاد میں اشک بار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ امام حسینؑ کے 72 جانثاروں نے حق کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں، جو رہتی دنیا تک ایک مثال بن گئیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کربلا صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک فکری، اخلاقی اور روحانی تحریک ہے جو ہمیں صبر، قربانی، استقامت اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے اور جنت کے سردار حضرت امام حسینؑ نے باطل کے سامنے جھکنے کے بجائے شہادت کو گلے لگا کر حق و صداقت کا پرچم بلند کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہا کہ یزیدیت کے خلاف حضرت امام حسینؑ کا انکار تاریخ کا سب سے بڑا اعلانِ آزادی تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی حق، سچائی اور مزاحمت کی روشن مثال ہے۔ کربلا کا پیغام ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے اور سندھ دھرتی نے ہمیشہ امام حسینؑ کے پیغام کو سینے سے لگایا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ انسانیت، عدل اور آزادی کا استعارہ ہیں۔ وزیراعلیٰ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے صوفیا کرام نے کربلا کے پیغام کو محبت اور فکر سے جوڑا۔ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی شاعری میں امام حسینؑ کا غم اور پیغام آج بھی زندہ ہے۔ عزاداری، مجالس اور جلوس سندھ کے امن، اتحاد اور عقیدت کا مظہر ہیں۔ وزیراعلٰ سندھ نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؑ کے ماننے والے حق و صداقت کے علَم بردار ہیں، حسینت کا پیغام رہتی دنیا تک مظلوموں کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اتحاد، رواداری، بھائی چارے اور قربانی کا سبق دیتا ہے۔ یوم عاشور کے انتظامات پر بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور تمام جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا گیا ہے۔

Back