کارونجھر اور کیرتھر پہاڑی سلسلہ سندھ کی ثقافتی و قدرتی شناخت ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
کارونجھر اور کیرتھر پہاڑی سلسلہ سندھ کی ثقافتی و قدرتی شناخت ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
Posted on: 19 Dec 2025 Tags:کراچی (11 دسمبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پہاڑ قدرتی حسن، ماحولیات کے توازن اور وسائل کے تحفظ کی بنیادی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس دن کو ہر سال 11 دسمبر کو ماحول دوست شعور اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سال "پانی، خوراک اور معاش کے لیے گلیشیئرز کی اہمیت" کے عنوان کے ساتھ یہ دن منایا جارہا ہے، جو بدلتی ہوئی ماحولیاتی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہاڑ، ریگستان، دریا اور سمندر جیسی انمول قدرتی نعمتیں موجود ہیں جو صوبے کی پہچان اور قدرتی ورثہ ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پہاڑ ہمارے ماحول کی بقا اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ "پہاڑی علاقوں کے قدرتی وسائل کی حفاظت ناگزیر ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پہاڑی سلسلوں کا تحفظ کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے،" انہوں نے زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارونجھر اور کیرتھر پہاڑی سلسلے پاکستان کے قدرتی حسن کی اہم علامت ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کارونجھر پہاڑ ہماری ثقافتی شناخت ہے اور حکومت اس کے مکمل تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ کیرتھر رینج برساتی پانی محفوظ بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ کورکھ ہل اسٹیشن اس سلسلے کا دلکش اور تاریخی مقام ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پہاڑوں سمیت تمام قدرتی وسائل کا تحفظ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور سندھ حکومت ماحول دوست اقدامات کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماحول، پہاڑوں اور قدرتی وسائل کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
Back