ہنگری، فرانس ، ہالینڈ اور یورپی یونین کے سفیروں سے وزیراعلیٰ سندھ کی الگ الگ ملاقاتیں
ہنگری، فرانس ، ہالینڈ اور یورپی یونین کے سفیروں سے وزیراعلیٰ سندھ کی الگ الگ ملاقاتیں
Posted on: 23 Nov 2025 Tags:کراچی (14 نومبر): وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمعہ کے روز اعلیٰ سطح کی سفارتی ملاقاتوں کا سلسلہ ہوا جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہنگری، فرانس، ہالینڈ اور یورپی یونین کے سفراء سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، ورثے کے تحفظ اور صوبے میں سماجی ترقی کی مختلف منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔
ملاقاتوں میں وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید، سیکریٹری وزیراعلیٰ عبدالرحیم شیخ، سینئر سفارتکار، قونصل جنرل اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ہنگری کے سفیر کی ملاقات
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا سے پانی کی صفائی، ٹھوس فضلہ ٹھکانے لگانے، ماحولیات اور ٹیکنالوجی میں تعاون پر بات چیت کی۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈورا گنزبرگر اور اعزازی قونصل جنرل مخدوم عمر شہریار بھی موجود تھے۔
دونوں جانب قدیم آثار اور ثقافتی ورثے کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی جن میں موہن جودڑو، مکلی، چوکنڈی کے قبرستان اور وادیٔ سندھ کی دیگر قدیم تہذیبی مقامات شامل تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کے لوگ پانچ ہزار سالہ قدیم وادیٔ سندھ کی تہذیب کے وارث ہیں۔ ہمارا ورثہ انسانی تاریخ کی جڑوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے سندھ کی شناخت کو امن کی سرزمین قرار دیا جو صوفی بزرگوں کی تعلیمات سے تشکیل پائی جنہوں نے محبت، ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مختلف مذاہب کے لوگ صدیوں سے احترام اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے آئے ہیں۔
دونوں جانب سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور تعلیم، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تعاون میں مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پر غور کیا گیا۔ ہنگری کے سفیر نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
فرانس کے سفیر کی ملاقات
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے فرانس کے سفیر نکولا گیلی سے بھی ملاقات کی جن کے ہمراہ قونصل جنرل الیکسس شاہتنسکی موجود تھے۔ دونوں جانب آثارِ قدیمہ، ثقافت، سرمایہ کاری اور استعدادکار میں اضافے سے متعلق تعاون پر گفتگو ہوئی۔ فریقین نے پیرس میں قائم ایشین سولائزیشن میوزیم پر تبادلۂ خیال کیا اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ فرانسیسی سفیر نے سندھ کے قدیم آثار کے تحفظ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے سندھ میں فرانسیسی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں خصوصاً قابلِ تجدید توانائی اور شہری ترقی کے شعبوں میں فرانسیسی کمپنیوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ مراد علی شاہ نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی اور زراعت و ڈیری کے شعبوں میں مشترکہ کام کی اہمیت پر زور دیا۔
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں سندھ میں معدنیات و کان کنی کے شعبے میں امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاری کے محکمے کو ہدایت کی کہ ترجیحی منصوبوں کی تفصیلی فہرست فرانسیسی سفارتخانے کے ساتھ شیئر کی جائے تاکہ مستقبل کے روابط کو آسان بنایا جا سکے۔
ہالینڈ کے سفیر کی ملاقات
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے ہالینڈ کے سفیر رابرٹ۔جان سیگرٹ سے ملاقات کی جن کے ہمراہ فرسٹ سیکریٹری الیگزینڈر آکر بوم اور اعزازی قونصل جنرل طارق خان موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی خصوصاً پانی کے انتظام، زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی ایک اہم بندرگاہی شہر ہونے کے باعث سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل دنیا کے بہترین ماڈلز میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈچ کمپنیوں کو مویشی پال، ڈیری پیداوار اور قابلِ تجدید توانائی میں مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی اور مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ڈچ سفیر نے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور سندھ کے کاروباری ماحول کو سراہا۔
یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یورپی یونین کے سفیر ریموندس کاروبلس سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور جاری ترقیاتی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
یورپی یونین کے سفیر نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ یورپی سرمایہ کاروں کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپی سرمایہ کاروں کے منتظر ہیں۔ ان کا دورہ سندھ میں نئی سرمایہ کاری کے معاہدوں کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔ دونوں جانب ماربل، گرینائٹ، معدنیات اور دیگر قیمتی شعبوں میں مواقع پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے سفیر کو سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں جاری بحالی کے کام سے آگاہ کیا اور یورپی یونین کی مضبوط مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین نے سندھ میں سیلاب متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ لاقات میں تعلیم، صحت اور مہارتوں کے فروغ کے پروگراموں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی اور عوامی روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سندھ کی مذہبی رواداری کی قدیم روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں مذہب، فرقے یا قومیت کی بنیاد پر تقسیم پیدا ہوتی ہے لیکن سندھ ہمیشہ برداشت اور ہم آہنگی کی سرزمین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں اقلیتی برادریوں کے اراکین عام نشستوں پر انتخابات لڑتے ہیں۔
یورپی یونین کے سفیر نے سندھ کی جاری ترقیاتی حکمت عملی میں گہری دلچسپی ظاہر کی جبکہ دونوں جانب تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ان ملاقاتوں کے ذریعے سندھ اور اس کے بین الاقوامی شراکت دارہنگری، فرانس، ہالینڈ اور یورپی یونین نے سرمایہ کاری، ورثے کے تحفظ، ثقافت، قابلِ تجدید توانائی، زراعت، تعلیم، پانی کے انتظام اور معاشی ترقی میں تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے تمام وفود کو یقین دلایا کہ سندھ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے لیے مکمل سہولت، شفافیت اور سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
Back