وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدار کورنگی کازوے پل پر جائزہ اجلاس

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدار کورنگی کازوے پل پر جائزہ اجلاس

Posted on: 12 Apr 2025   Tags:

کراچی (11 اپریل) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورنگی کاز وے پل کی تعمیر، شاہراہِ بھٹو پر اضافی کاموں اور سہراب گوٹھ پر ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

 

وزیراعلیٰ نے کورنگی کاز وے اور سی بی ایم روڈ سے آنے والی ٹریفک کے لیے انڈر پاس کی تعمیر اور مختلف سمتوں سے آنے والی ٹریفک کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے سڑک کی ساخت بہتر بنانے کے لیے 1 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے۔ انہوں نے مرکزی چوراہے (راؤنڈ اباؤٹ) کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری دی جسے بعد ازاں موقع کی مناسبت سے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

 

یہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، معاونِ خصوصی قاسم نوید، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، شاہراہِ بھٹو پراجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

 

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لاگت 9.3 ارب روپے سے تعمیر ہونےو الے کورنگی کاز وے منصوبے پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پل اور اس سے منسلک لوپس کی تعمیر جاری ہے جبکہ 3000 کورنگی چوراہے پر ترقیاتی کام بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔

 

شاہراہِ بھٹو کے حوالے سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سموں گوٹھ کے قریب فلائی اوور اور اس سے منسلک دیگر سڑکوں کے لیے تکنیکی منظوری دے دی۔ انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر تمام ضروری منظوریوں کو حتمی شکل دی جائے اور تعمیراتی کام فوراً شروع کیا جائے۔

 

سہراب گوٹھ پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (پی اینڈ ڈی) کو ہدایت کی کہ وہ ایک ایسا حل تیار کریں جس میں چوراہے (راؤنڈ اباؤٹ) کی ازسرنو تعمیر اور لیاری ایکسپریس وے، گلشنِ اقبال، گلشن چورنگی، گلشنِ میئر اور دیگر قریبی سڑکوں سے آمد و رفت بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہوں۔

 

مراد علی شاہ نے پی اینڈ ڈی اور محکمہ بلدیات کو مشترکہ طور پر کام کرنے اور ڈیزائن اسٹرکچر سمیت ایک تفصیلی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔

Back