وزیراعلیٰ سندھ کا پولیس کارروائی کے دوران زخمی اہلکاروں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش
وزیراعلیٰ سندھ کا پولیس کارروائی کے دوران زخمی اہلکاروں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش
Posted on: 19 Dec 2025 Tags:جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کا حکم
عوام کی حفاظت سندھ حکومت کی اولین اولین ترجیح اور ذمہ داریہے ، سید مراد علی شاہ
کراچی (9 دسمبر 2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شکارپور میں پولیس آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور ان کے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور عیادت کا پیغام بھیجا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی ایس پی سٹی پارس بکرانی، ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور سومرو اور دیگر دو اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنانے کے لیے اسپتال انتظامیہ کو فوری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈاکو سرنڈر نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ شکارپور میں امن و امان ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے۔ آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے بتایا کہ شکارپور کے منچھر شاہ علاقے میں پولیس آپریشن کے دوران ڈی ایس پی پارس بکرانی، ڈی ایس پی ظہور سومرو اور دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کی ہمت افزا کارروائی میں 8 جرائم پیشہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ گروہ کے سرغنہ بھی انجام کو پہنچ گئے۔ یہ افراد سنگین وارداتوں اور اغوا برائے تاوان کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ آپریشن کے دوران بکتربند گاڑیاں اور ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شکارپور میں جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس آپریشن وسیع کیا جائے اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داریہے۔
Back