وزیراعلیٰ سندھ کا شکارپور میں ڈاکووں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ کا شکارپور میں ڈاکووں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم
Posted on: 19 Dec 2025 Tags:آپریشن میں زخمی پولیس افسران اور اہلکاروں کی بہادری کو خراج تحسین
شکارپور میں ریاستی رٹ قائم کی جائے، وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات
کراچی (9 دسمبر): سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے شکارپور میں ڈاکوؤں کے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ ڈاکو گروہوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور ضلع میں مکمل امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے ڈی۔ایس۔پی سٹی شکارپور پارس بکھرانی، ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور سومرو اور چار زخمی اہلکاروں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمال شاہ کو ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر زخمی افسران کے لیے ایئر ایمبولینس کا انتظام کریں تاکہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ جو ڈاکو سرنڈر نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے زور دیا کہ پولیس کو شکارپور میں ریاستی رٹ قائم کرنے کے لیے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور شکارپور میں امن کی بحالی ضروری ہے۔
آئی جی کی شکارپور آپریشن پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ:
انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے وزیراعلیٰ کو منچر شاہ، شکارپور میں ہونے والی تازہ کارروائی سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی۔ایس۔پی پارس بکرانی، ڈی۔ایس۔پی ظہور سومرو اور دو اہلکار ایک مسلح حملے کے دوران زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آئی جی نے مزید بتایا کہ مقابلے میں نو ڈاکو مارے گئے جن میں گروہ کے سرغنہ بھی شامل تھے۔ یہ ڈاکو تاوان کے لیے اغوا اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس نے آپریشن کے دوران بکتر بند گاڑیاں اور ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جس سے کارروائی میں حفاظت اور درستگی میں اضافہ ہوا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ شکارپور اور اردگرد کے علاقوں میں آپریشنز کو وسعت دی جائے تاکہ باقی ماندہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں۔ جو بھی امن خراب کرنے کی کوشش کرے گا، اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے شکارپور میں دیرپا امن کی بحالی کے حکومتی عزم کو دہرایا اور ضلع میں پولیس آپریشنز کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Back