وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 150 سالہ قدیم برگد کے درخت کی بحالی مکمل

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 150 سالہ قدیم برگد کے درخت کی بحالی مکمل

Posted on: 27 Aug 2025   Tags:

 

کراچی (26 اگست) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں 150 سالہ پرانے برگد کے درخت کی بحالی کو ’’ماحولیاتی تحفظ میں اہم قدم‘‘ اور ’’ماضی و حال کے رشتے کی علامت‘‘ قرار دیا ہے۔

 

یہ تاریخی درخت قصرِ ناز کلب روڈ پر واقع ہے جو حالیہ مون سون بارشوں کے دوران تیز ہواؤں کی وجہ سے زمین پر گر گیا تھا۔ سندھ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی سربراہی میں دو روزہ ریسکیو آپریشن کے دوران درخت کو بحال کر کے نئی جگہ منتقل کر دیا گیا جس سے اسے نئی زندگی ملی۔

چیف کنزرویٹر جاوید مہر کی جانب سے جمع کرائی گئی تکنیکی رپورٹ کے مطابق برگد کے درخت کی جڑیں پانی کی کمی کے باعث فنگس اور دیمک کے حملے سے متاثر ہوگئی تھیں۔ بھاری کرینوں کی مدد سے اس بڑے درخت کو قریب ہی موزوں مقام پر احتیاط کے ساتھ منتقل کیا گیا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران ساتھ موجود نیم اور کمنی کے درختوں کو بھی محفوظ طریقے سے بہتر مقامات پر منتقل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ریسکیو ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تاریخی درختوں کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھیں جنہیں انہوں نے ’’ورثے اور ماحولیاتی استقامت کی زندہ علامتیں‘‘ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بحالی صرف ایک درخت کو بچانے کا عمل نہیں بلکہ تاریخ کے تحفظ اور زیادہ سرسبز و صحت مند مستقبل کی طرف قدم ہے۔

Back