وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی کی انتظامیہ ہائی الرٹ

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی کی انتظامیہ ہائی الرٹ

Posted on: 10 Sep 2025   Tags:

کراچی (9 ستمبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کراچی کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا نیا اسپیل متوقع ہے۔ چیف سیکریٹری نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں نکلیں اور فوری اقدامات کریں۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش کے نئے اسپیل کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز فوری طور پر ندی نالوں اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیں اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشینری کا انتظام یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید برآں، کمشنر کراچی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی فراہم کردہ مشینیں نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت تیار رکھی جائیں۔ چیف سیکریٹری نے کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے شہر کی انتظامیہ کو باضابطہ طور پر ہائی الرٹ کر دیا۔

Back