وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر رین ایمرجنسی ٹریفک مینجمنٹ پلان جاری

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر رین ایمرجنسی ٹریفک مینجمنٹ پلان جاری

Posted on: 10 Sep 2025   Tags:

کراچی (9 ستمبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی ٹریفک مینجمنٹ پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق متوقع شدید بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سیکشن افسران، ڈی ایس پیز اور ایس پیز سڑکوں پر موجود رہیں گے۔ اہم مقامات، ڈائیورژن پوائنٹس اور متبادل راستوں پر بھی افسران تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر ٹریفک پولیس ٹیم کو ضروری آلات اور ریکوری وسائل فراہم کیے گئے ہیں، جن میں فورک لفٹرز، موٹر سائیکل لفٹرز، منی ریکوری وہیکلز اور ہیوی ریکوری وہیکلز شامل ہیں۔ خصوصی ٹیمیں لائف سیونگ رسیوں اور دیگر امدادی آلات سے لیس ہیں جبکہ موبائل ورکشاپس بھی سڑکوں پر موجود ہوں گی جو خراب گاڑیوں کو فوری تکنیکی سہولت فراہم کریں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پھنسے ہوئے شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جائے اور کسی بھی ممکنہ اربن فلڈنگ کی صورت میں ہنگامی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ٹریفک پولیس شہریوں کو ایف ایم 88.6 اور دیگر چینلز کے ذریعے ٹریفک کی تازہ صورتحال فراہم کر رہی ہے جبکہ ہیلپ لائن 1915 پر فوری آگاہی اور رہنمائی میسر ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔

Back