وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ پر رپورٹ موصول

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ پر رپورٹ موصول

Posted on: 02 Nov 2025   Tags:

مختلف خلاف ورزیوں پر 35 سرکاری گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے، رپورٹ

خودکار نظام نے محکمہ پولیس کی گاڑی کو بھی 10 ہزار کا جرمانہ لگادیا، رپورٹ

پہلی بار خلاف ورزی کو غلطی تسلیم کرنے پر معاف کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

کراچی (30 اکتوبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن کی جانب سے نئی متعارف کردہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا کہ مختلف خلاف ورزیوں پر 35 سرکاری گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ای چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، سرخ بتی توڑنے، گاڑیوں میں سیاہ شیشے لگانے، اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال جیسے جرائم پر جاری کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے اس سے قبل آئی جی پولیس کو ہدایت دی تھی کہ نئے نظام کے تحت جاری ہونے والے پہلے ای چالان کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی گاڑی رجسٹریشن نمبر ایس پی ای 950 کو 28 اکتوبر 2025 کو دوپہر 1 بج کر 36 منٹ پر لیاری ایکسپریس وے پر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ کیا گیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ مذکورہ گاڑی کے ڈرائیور کو گارڈن اور لیاری ایکسپریس وے کے درمیان دو مرتبہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی حالت میں دیکھا گیا جس کے بعد خودکار نظام نے 10,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی بار خلاف ورزی کرنے والے افراد اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ذاتی طور پر پیش ہو کر دس دن کے اندر معافی نامہ جمع کرائیں تو ان کا جرمانہ معاف کیا جا سکتا ہے۔

مراد علی شاہ نے ای ٹکٹنگ سسٹم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، حتیٰ کہ پولیس بھی ٹریفک قوانین کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام تمام شہریوں کے لیے انصاف اور احتساب کو یقینی بناتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوامی تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ پہلی بار کے چالان معاف کیے جائیں، تاہم بار بار خلاف ورزی کرنے والوں پر کسی رعایت کے بغیر جرمانے وصول کیے جائیں۔

مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے ای ٹکٹنگ سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام نظم و ضبط اور شفافیت کے فروغ میں کامیاب ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہری قانون کے تحت برابر ہیں، اس لیے بلاامتیاز عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

Back