وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بھٹائی کے ساتھ بھٹو خاندان کے تعلق کو خراج عقیدت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بھٹائی کے ساتھ بھٹو خاندان کے تعلق کو خراج عقیدت

Posted on: 13 Aug 2025   Tags:

بھٹ شاہ (ضلع مٹیاری، 11 اگست): وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھٹ شاہ میں منعقدہ شاہ لطیف ایوارڈز کی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھٹو خاندان کے ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور صوبائی حکومت کے صوفی تعلیمات اور تعلیم کے فروغ کے عزم کو دہرا دیا۔

یہ تقریب عظیم صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کی عرس میں موجودگی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بھٹو خاندان اور بھٹ شاہ کے تاریخی تعلق کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 64 سال قبل مقامی ثقافتی مرکز کی بنیاد رکھی تھی، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات سے گہری وابستگی رکھتی تھیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 31 سال قبل عرس کے موقع پر دیے گئے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے الفاظ دہرائے، محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ سندھ کو بھٹائی کے بغیر اور بھٹائی کو سندھ کے بغیر سمجھنا مشکل ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نوجوانوں کو تعلیم اور محنت کی تلقین آج بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی اُس وقت تھی۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شاہ لطیف کی شاعری کا پیغام عام کرنے کے لیے گنج شریف کی طباعت اور ملک بھر کی جامعات میں اپنی ذاتی اخراجات سے تقسیم کا انتظام کیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ نے محترمہ بینظیر بھٹو کے تشدد کے خلاف مضبوط مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا: آج جو بھی تشدد کی وکالت کرے گا، اُس سے سختی سے نمٹا جائے گا، جیسے کہ بینظیر بھٹو نے انتباہ کیا تھا۔ انہوں نے اس بیان کو امن اور شاہ لطیف کے اجتماعیت پسند پیغام سے جڑی ہوئی اُن کی پختہ وابستگی کا تسلسل قرار دیا۔

مراد علی شاہ نے بھٹو خاندان کے اعلیٰ تعلیمی معیار کے وژن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے صوفی یونیورسٹی قائم کر کے بینظیر بھٹو کا خواب پورا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت، چیئرمین بلاول کی قیادت میں، صوفی ازم کے پیغام کو مزید آگے بڑھاتی رہے گی۔"

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیرِ اعلیٰ نے اس سال کی یومِ آزادی کی تقریبات کی اہمیت کو عرس کی روح سے جوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھارت پر فتح اور "معرکۂ حق" کے موضوع نے اس عرس میں قومی فخر اور تاریخی کامیابی کا رنگ بھر دیا ہے۔

Back