وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی چیمبر کا دورہ، معرکہ حق تقریب، تاریخی عمارت پر قومی پرچم لہرایا
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی چیمبر کا دورہ، معرکہ حق تقریب، تاریخی عمارت پر قومی پرچم لہرایا
Posted on: 14 Aug 2025 Tags:کراچی (13 اگست) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے 78ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کراچی چیمبر کی بحال شدہ تاریخی عمارت پر قومی پرچم لہرایا اور اسے شہر کی تجارتی وراثت اور معاشی دھڑکن کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے عمارت کے اصل طرزِ تعمیر کو محفوظ رکھنے پر چیمبر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی محنت و مہارت کو سراہا۔ مرحوم سراج قاسم تیلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی صنعت کے فروغ، تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر اور تاجر برادری معرکۂ حق کی جیتی جاگتی مثال ہیں جو ہر مشکل کے باوجود معاشی پہیہ چلائے رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کاروبار دوست پالیسیوں کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ ہم سب کو صوبے کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے زراعت و صنعت دونوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ حالیہ ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ کراچی چیمبر کے اطراف کی عمارتوں کی مرمت بھی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن جوڑیا بازار کی تمام ملحقہ سڑکوں کی بحالی مکمل کر چکی ہے۔ انہوں نے طویل عرصے سے زیر التواء کے فور منصوبے کی رفتار تیز کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان کی بھارت پر تاریخی عسکری فتح کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے قوم کے عزم کو ثابت کیا۔ تقریب کا اختتام یوم آزادی کا کیک کاٹنے اور تمام پاکستانیوں کو پرخلوص مبارکباد دینے کے ساتھ ہوا۔
Back