وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ماہر تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ماہر تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

Posted on: 23 Nov 2025   Tags:

کراچی (10 نومبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ نے اپنی پوری زندگی تعلیم کے فروغ اور اس کے مقصد سے عوام کو روشناس کرانے کے لیے وقف کی۔ وہ ایسی دانشور تھیں جو صرف علم نہیں بلکہ تربیت پر بھی زور دیتی تھیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق ڈاکٹر عارفہ کا ماننا تھا کہ تعلیم اگر انسانیت کی رہنمائی نہ کرے تو وہ بے معنی ہے اور علم اس وقت تک اپنا مقصد پورا نہیں کرتا جب تک وہ انسان کی شخصیت کو تشکیل نہ دے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو ڈاکٹر عارفہ جیسی مزید ماہرینِ تعلیم اور عظیم اساتذہ کی ضرورت ہے۔ ان کا خلا پُر نہیں کیا جا سکتا، تاہم ان کے سنہری خیالات قوم کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ نے اردو زبان، تعلیم اور سماجی شعور کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبر و حوصلے کی دعا کی۔

Back