وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد
Posted on: 15 Feb 2026 Tags:کراچی (31 دسمبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے سال کے موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سال 2026 ملک کے لیے ترقی، خوشحالی اور نئی کامیابیوں کا پیغام لے کر آئے گا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سال 2025 میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمنوں کے خلاف نمایاں عسکری کامیابی حاصل کی، جس سے عالمی سطح پر ملک کی طاقت اور دفاعی صلاحیت کا بھرپور اظہار ہوا۔ انہوں نے 2025 کو دفاعی برتری کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2026 معاشی میدان میں پیش رفت کا سال ثابت ہوگا۔
صوبے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2025 میں کئی اہم سنگِ میل عبور کیے۔ صحت کے شعبے میں عالمی معیار کے طبی مراکز قائم کیے گئے اور دنیا کا سب سے بڑا ہیلتھ نیٹ ورک تشکیل دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 11 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کی گئی، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے جبکہ 2026 میں 20 لاکھ گھروں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے یہ ریکارڈ ناقابلِ تسخیر ہو جائے گا۔
تعلیم کے شعبے میں اسکولوں کی تزئین و آرائش اور میرٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی بھرتیوں کے ذریعے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے اقدامات کیے گئے۔ زراعت کے شعبے میں ہاری کارڈ، سبسڈی پر گندم کی خریداری اور کھاد کی فراہمی جیسے اقدامات کے ذریعے کاشتکاروں کو تحفظ فراہم کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی پر خصوصی توجہ دی گئی، جہاں پانی کی قلت کو اولین ترجیح بنایا گیا۔ حب کینال کے افتتاح اور کے-فور منصوبے کے لیے مکمل بجٹ کی فراہمی سے حکومت کے عزم کا واضح اظہار ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں 39 روزہ عالمی ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس نے دنیا کو حیران کر دیا اور کراچی کو خوف کے سائے سے نکل کر رنگوں اور خوشیوں کے شہر کے طور پر متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کے آخری دن ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کیا گیا، جبکہ بس ریپڈ ٹرانزٹ یلو، ریڈ اور گرین لائن منصوبے 2026 میں مکمل کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو جیسے بڑے منصوبے کراچی کے منظرنامے کو بدل دیں گے اور جاری ترقیاتی عمل کے نتیجے میں شہر کو دنیا کے قابلِ رہائش ترین شہروں کی صف میں شامل کیا جائے گا۔