وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ملیر ندی کے زیر تعمیر پل کا معائنہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ملیر ندی کے زیر تعمیر پل کا معائنہ

Posted on: 15 Feb 2026   Tags:
کراچی (16 جنوری 2026): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر منصوبہ بندی و ترقی محکمہ کی ایک ٹیم نے نیشنل ہائی وے فائیو (مرغی خانہ)، قائدآباد، ضلع ملیر میں ملیر ندی پر زیرِ تعمیر پل کا دورہ کیا تاکہ اس اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کی پیش رفت اور معیارِ تعمیر کا جائزہ لیا جا سکے۔
انجینئر اورنگزیب وسٹرو (ریجنل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر) اور انجینئر عمران میمن کی قیادت میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے ملیر ندی پر نیشنل ہائی وے فائیو (مرغی خانہ) کراچی میں زیرِ تعمیر پل کا معائنہ کیا جس کی لاگت 3 ارب 6 کروڑ 66 لاکھ 90 ہزار روپے ہے۔
دورے کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے تکنیکی عملے، جن میں انجینئر کامران (اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر)، انجینئر منہاج الدین نصری (ریزیڈنٹ انجینئر) اور کنسلٹنٹس شامل تھے، کے ہمراہ تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار دونوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ موقع پر معیار کی جانچ کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جن میں کنکریٹ کی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے شمٹ ہیمر کے ذریعے نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹ بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ گرڈرز اور ٹرانسم کے سائز کی پیمائش کی گئی تاکہ ڈیزائن کی وضاحتوں پر عمل درآمد کی تصدیق ہو سکے۔
چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ اور ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی و ترقی الطاف ساریو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی پیش رفت 65ھ فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مالی اخراجات 61.6 فیصد ہیں۔ وزیراعلیٰ نے منصوبہ بندی و ترقی محکمہ کو ہدایت کی کہ منصوبہ جون 2026 سے قبل مکمل کیا جائے۔ موجودہ مرحلے پر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے کام کی رفتار کو تسلی بخش قرار دیا۔
وزیراعلیٰ نے ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی معیار کی سختی سے پابندی کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پل کا منصوبہ مئی 2026 تک مکمل کیا جائے اور عوامی مفاد میں بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
اپنی مشاہدات میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے عملدرآمد کرنے والے ادارے کو بعض امور فوری طور پر حل کرنے کا مشورہ دیا تاکہ باقی ماندہ کام مقررہ وقت میں مکمل ہو سکے۔ ان امور میں کے الیکٹرک کو یوٹیلیٹی منتقلی میں تاخیر پر خطوط ارسال کرنا شامل ہے کیونکہ اس تاخیر سے منصوبے کی تکمیل کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ ریمپ اے اور بی کے لیے بجری اور ایگریگیٹ بیس کا فوری طور پر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی کیونکہ موقع پر مطلوبہ مواد موجود نہیں پایا گیا۔ ٹیم نے نشاندہی کی کہ پیشگی ذخیرہ کرنے سے کام کی مدت میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
منصوبہ بندی و ترقی ٹیم نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ مجموعی طور پر منصوبے پر کام کی رفتار تسلی بخش ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر کے الیکٹرک کو بھی یوٹیلیٹی منتقلی کے عمل میں تیزی لانے کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ ریمپس کے لیے بجری اور ایگریگیٹ بیس کا مناسب ذخیرہ بلا تاخیر یقینی بنایا جائے کیونکہ تعمیراتی مواد کی بروقت دستیابی پل کے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔
نیشنل ہائی وے فائیو (مرغی خانہ) پر ملیر ندی کا یہ پل کراچی میں ٹریفک کی روانی کے لیے ایک اہم رابطہ منصوبہ سمجھا جاتا ہے اور صوبائی حکومت مسافروں کو سہولت فراہم کرنے اور علاقائی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اس کی تکمیل پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔
Back