وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کریم آباد انڈر پاس پر کام کی صورتحال پر رپورٹ ارسال

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کریم آباد انڈر پاس پر کام کی صورتحال پر رپورٹ ارسال

Posted on: 18 Feb 2026   Tags:
 
کراچی (29 جنوری): محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (پی اینڈ ڈی) کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل (ایم ای سی) نے 3 ارب 81 کروڑ 7لاکھ 47 ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کریم آباد انڈر پاس کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق منصوبے میں مجموعی طور پر 85 فیصد پیش رفت ہو چکی ہے اور کام تسلی بخش ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر اورنگزیب وسطڑو، ریجنل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر (آر ایم ای او) کی زیر قیادت ایم ای سی کی ٹیم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے منصوبے ’’کریم آباد میں دو جمع دو لین انڈر پاس کی تعمیر‘‘، ضلع وسطی، کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے عملدرآمدی ادارے (ای اے) کے تکنیکی عملے کے ساتھ مل کر تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ موقع پر معیار کی جانچ کے ٹیسٹ کیے گئے اور منظور شدہ معیار کے مطابق ہونے کا جائزہ لینے کے لیے پیمائشیں کی گئیں۔ تفصیلی معائنے کے بعد منصوبے پر کام کی مجموعی پیش رفت 85 فیصد جبکہ مالی اخراجات 81 اعشاریہ 27 فیصد ریکارڈ کیے گئے جو فنڈز کے تسلی بخش استعمال کی عکاسی کرتے ہیں۔
انتظامی منظوری کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل مالی سال 2025-26 میں ہونا تھی۔ تاہم عملدرآمدی ادارے نے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ منصوبہ اب اپریل 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کی بنیادی وجہ کے الیکٹرک (کے ای) کی یوٹیلیٹیز کی منتقلی بتائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو ہدایت کی ہے کہ منصوبہ مارچ 2026 کے اختتام تک مکمل کیا جائے۔
موجودہ مرحلے میں حسین آباد سے کریم آباد کی جانب جانے والے ریمپ اے کا کام 91 فیصد تکمیل تک پہنچ چکا ہے، جبکہ انڈر پاس کے بیریل حصے میں 92 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ بیریل کے اختتامی مقام سے ضیاءالدین اسپتال کی جانب جانے والا ریمپ- ی 75 فیصد پیش رفت حاصل کر چکا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منصوبے کی پیش رفت کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی میں ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس ضلع وسطی میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے، سندھ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترقیاتی منصوبے معیار، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام زیر التوا مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹیز کی منتقلی عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے عملدرآمدی ادارے کو ہدایت دی ہے کہ کے الیکٹرک کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ باقی ماندہ کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہو سکے۔
بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے عملدرآمدی ادارے کو ہدایت کی کہ فروری 2026 کے پہلے ہفتے تک یوٹیلیٹیز کی منتقلی کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ معمول کے مطابق رابطہ برقرار رکھا جائے اور پیش رفت سے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کو آگاہ کیا جائے۔ ٹیم نے عملدرآمدی ادارے کو یہ بھی ہدایت دی کہ ریمپ بی پر کام تیز کیا جائے تاکہ اسے فروری 2026 کے تیسرے ہفتے تک مکمل کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد کریم آباد انڈر پاس ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری لائے گا اور مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ پائیدار بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے پر مرکوز ہے جو کراچی کے عوام کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنائے۔
Back