وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معذور افراد کے عالمی دن پر کیک کاٹا
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معذور افراد کے عالمی دن پر کیک کاٹا
Posted on: 19 Dec 2025 Tags:کراچی (3 دسمبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذور افراد کے ہمراہ کیک کاٹا اور لاڑکانہ میں سی آرٹس کے علاوہ ڈاکٹر رتھ فاؤ ایم اے ایل سی ، ڈی ای پی ڈی مراکز کا لاڑکانہ اور بدین میں ورچوئل افتتاح کیا۔
یہ تقریب سیکریٹری طحہٰ فاروقی کی سربراہی میں محکمہ برائے بااختیار سازی معذور افراد (ڈی ای پی ڈی) کی جانب سے النور پارک، کلفٹن میں منعقد کی گئی جس کا مقصد دوحہ میں سماجی ترقی کی دوسری عالمی کانفرنس میں اٹھائے گئے مطالبات سمیت عالمی سطح پر سماجی ترقی کی آوازوں کو مقامی سطح پر عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے سندھ حکومت کی عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ اس تقریب میں صوبائی وزراء، مشیروں، معاونینِ خصوصی، ترجمانوں، صوبائی سیکریٹریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر ایک مؤثر خطاب کیا اور ایک ایسے مستقبل کے عزم کا اظہار کیا جہاں ہر شہری کو ایک جامع صوبے میں ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے خطاب نے اقوام متحدہ کے موضوع "سماجی ترقی کے فروغ کے لیے معذور افراد کے لیے جامع معاشرے" کو اجاگر کیا اور زور دیا کہ ترقی کی پیمائش صرف معیشت سے نہیں بلکہ ہمدردی اور مساوات سے کی جانی چاہیے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی معاشرے کی ترقی صرف معاشی پیمانوں سے نہیں بلکہ اس کی ہمدردی اور تمام افراد کے ساتھ مساوات سے ناپی جاتی ہے جنہیں شرکت، جدت اور کامیابی کے یکساں مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔ ہم آج ایک مقصد کے تحت جمع ہوئے ہیں تاکہ ایک منصفانہ، جامع اور رکاوٹوں سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے عزم کی توثیق کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ای پی ڈی کو نمایاں طور پر مضبوط بنایا گیا ہے اور کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلز اور سماعت کے آلات جیسے ضروری معاون آلات تقسیم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ حال ہی میں پاکستان کے سب سے بڑے سینٹر آف ایکسی لینس فار ڈس ایبیلٹی انکلوژن کا کورنگی میں افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ 34,000 مربع فٹ پر مشتمل سہولت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور کلینری آرٹس میں ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ بحالی کی خدمات اور وہیل چیئر کی تیاری کا مرکز ہے۔
انہوں نے ملیر ایکسپریس وے کے قریب ایک "جامع شہر" بنانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا، جو شہری قابلِ رسائی ماحول کی تعمیر کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد سندھ ایمپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبیلٹیز ایکٹ 2018 پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے جو تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی خدمات تک رسائی کی ضمانت دیتا ہے اور سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے پانچ فی صد ملازمت کوٹہ نافذ کرتا ہے۔
پالیسی کو کلچر میں بدلنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ذہنوں میں بیٹھے تعصبات کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حقیقی اجتماعی معاشرہ بنانے کےلیے رویوں میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل و حرکت، تعلیم، صحت، کھیل اور روزگار جیسے شعبوں کو بنیادی حقوق تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اولمپکس، کاروبار اور جدت کے میدان میں نوجوان معذور افراد کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ حوصلہ جواں ہوں تو معذوری مجبوری نہیں رہتی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئیے سرکاری اداروں، نجی کمپنیوں، غیر سرکاری تنظیموں اور کمیونٹیز کو متحد کریں تاکہ جسمانی مقامات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سماج میں قابلِ رسائی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ایک جامع صوبے کے قیام کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر فرد پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہو جائیں تو کوئی پیچھے نہیں رہےگا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر نور علی ٹرسٹ پارک میں کیک کاٹا اور نمائش کے اسٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے نے خصوصی بچوں اور ان کے والدین سے محبت بھرے انداز میں ملاقات کی اور تصاویر بنوائیں۔ انہوں نے لاڑکانہ میں سی آرٹس اور ڈاکٹر رتھ فاؤ ایم اے ایل سی۔ڈی ای پی ڈی مراکز کا لاڑکانہ اور بدین میں ورچوئل افتتاح بھی کیا۔