وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایشیائی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایشیائی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات
Posted on: 27 Jun 2025 Tags:کراچی (24 جون) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ ایما فن سے ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کی، جس میں سندھ میں اہم ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان منصوبوں میں ٹی پی-4 کا منصوبہ بھی شامل ہے جس کا مقصد پانی کے معیار کو بہتر بنانا اور دیہی و شہری علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا ہے۔
یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری زمان ناریجو اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر حکام اسد سلیم، نصرمن اللہ، شہریار چوہدری، ملیحہ رضوان اور احمد مجتبیٰ نے شرکت کی۔
زیر غور منصوبے
ٹریٹمنٹ پلانٹ-4
ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومت سندھ نے ٹی پی 4 منصوبے پر اشتراک پر اتفاق کیا جس کے تحت روزانہ 180 ملین گیلن پانی صاف کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے زور دیا کہ یہ پلانٹ آلودہ پانی کو صنعتی معیار کے قابل استعمال پانی میں تبدیل کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
دیہی علاقوں میں پانی اور نکاسی آب
سندھ حکومت دیہی علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات میں توسیع کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ کی درخواست پر اے ڈی پی نے دیہی ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی۔
پائیدار ترقی اور معاشی نمو
ملاقات میں پائیدار ترقی، معیشت کو مضبوط بنانے اور نئی شراکت داریوں کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے بینک کی نئی حکمت عملی پیش کی جس میں ماحولیاتی تبدیلی، نجی شعبے کی ترقی، علاقائی تعاون، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور لچکدار نظام کی تعمیر پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر سے اتفاق کیا کہ صوبائی حکومت اس نئی حکمت عملی میں شراکت داری کو فروغ دے گی۔
سیلاب سے بحالی اور ریلیف
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے ایک کروڑ سے زائد افراد کی بحالی کے لیے ہنگامی ریلیف اور متاثرہ علاقوں میں مکانات کی دوبارہ تعمیر جاری ہے جن میں اے ڈی بی کے تعاون سے مختلف منصوبے شامل ہیں۔
شہری ٹرانسپورٹ اور انفرااسٹرکچر
شہری رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے حیدرآباد میرپورخاص اربن ٹرانسپورٹ اسکیم، سندھ کوسٹل ہائی وے، پیپلز بس اور پنک بس سروس جیسے منصوبے جاری ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی میں 1,000 الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے۔
تعلیم اور صحت کے اقدامات
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 2022 سے اب تک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت 35 اسکول قائم کیے جا چکے ہیں جن میں 25,000 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ویکسینیشن کی شرح 68 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو صحت کے شعبے میں حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔
اے ڈی بی کے سندھ میں ترقیاتی منصوبے
اس وقت ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ میں 1.25 ارب ڈالر مالیت کا ترقیاتی پورٹ فولیو سنبھال رہا ہے جس کے تحت چھ فعال منصوبے جاری ہیں۔ یہ منصوبے بنیادی ڈھانچے، سماجی ترقی، زراعت، ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے پر مرکوز ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہنے اس بات کا اعادہ کیا کہ اے ڈی بی کے ساتھ ترقیاتی شراکت داریاں صوبے کی معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں مساوی ترقی یقینی بنانے اور تمام شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یہ ملاقات سندھ کے بنیادی ڈھانچے اور سماجی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد پائیدار ترقی اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
Back