وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کے وفد کی ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کے وفد کی ملاقات

Posted on: 18 Feb 2026   Tags:
کراچی (29 جنوری): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت فاؤنڈیشن کے عالمی صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کر رہے تھے۔ ملاقات کا مقصد سندھ، پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے مزید تعاون اور اشتراکِ عمل کو فروغ دینا تھا۔
یہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری صحت جمشید میمن اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر شارق میمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ میں پولیو کی موجودہ وبائی صورتحال اور 2026 کے لیے اسٹریٹجک منصوبے پر غور کیا گیا۔ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد میں ڈاکٹر انیتا زیدی (صدر، جینڈر ایکوالٹی ڈویژن)، ڈاکٹر کیتھی نیوسل (ڈائریکٹر پولیو) اور ڈاکٹر مائیکل گیلے وے (ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو) شامل تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیو کے خلاف جنگ میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون پر شکر گزار ہے، ہماری مہمات کی کوریج میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ہم وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس نے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت انتہائی منظم انداز میں کام کر رہی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے تک ہمارا تعاون اور اشتراکِ عمل جاری رہے گا۔
اجلاس کے دوران ماحولیاتی خدشات پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اگرچہ سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 2024 میں 23 سے کم ہو کر 2025 میں 9 رہ گئی ہے تاہم کراچی میں ماحولیاتی نمونوں میں اب بھی وائرس کی موجودگی سامنے آ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نشاندہی کی کہ کراچی کے مختلف مقامات سے حالیہ مثبت ماحولیاتی نمونے تشویشناک ہیں اور اس کے لیے زیادہ فعال ردِعمل کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں جنوری سے جون 2026 تک کے لیے کراچی ایکشن پلان (کیپ) پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے تحت خصوصی حکمتِ عملیاں متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں کمیونٹی کو زحمت سے بچانے کےلیے سنگل ناک اسٹریٹجی اور پہلی بار ہی مؤثر رسائی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت شہر میں ماحولیاتی نمونوں کے نتائج کو منفی بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ بہتر نتائج کے حصول کے لیے 2 فروری سے 8 فروری 2026 تک ملک گیر پولیو مہم چلائی جائے گی۔
Back