وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر پیغام
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر پیغام
Posted on: 07 Oct 2025 Tags:کراچی (5 اکتوبر 2025ء ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور ہمارا فخر ہیں۔ سندھ حکومت اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد محنتی اور مخلص اساتذہ ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ معیاری تعلیم صرف باصلاحیت اور بااخلاق اساتذہ سے ممکن ہے۔ اساتذہ کے بغیر علم و آگہی کا چراغ روشن نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ٹیچرز ڈے 2025ء کی تھیم ’تدریس کو اشتراکی پیشہ کے طور پر ازسرِنو تشکیل دینا‘ ہے، جو اس بات کی یاد دہانی ہے کہ تعلیم میں بہتری کیلئے اساتذہ کے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے اساتذہ تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ تعلیم میں جدت، شمولیت اور اشتراک ہی ترقی کی کنجی ہیں۔ ہماری حکومت اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ مواقع میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تدریس صرف ایک خدمت نہیں بلکہ ایک مشن ہے۔ اساتذہ کا باہمی اشتراک تعلیمی معیار اور نظام دونوں کو مضبوط بناتا ہے۔ سندھ کے اساتذہ نے چیلنجز کے باوجود تعلیم کا سفر جاری رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر استاد معاشرے میں روشنی کی کرن اور مستقبل کی اُمید ہے۔ تعاون، تجربے کا تبادلہ اور اجتماعی ذمہ داری معیاری تعلیم کی بنیاد ہیں۔ سندھ حکومت تعلیم کو باہمی تعاون، مساوات اور احترام کے ساتھ فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
Back