وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام

Posted on: 14 Aug 2025   Tags:

کراچی (14 اگست 2025) : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 14 اگست 2025 کے موقع پر یومِ آزادی کی مناسبت سے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستانی قوم کے لیے فخر، عزت اور قربانیوں کی یاد دہانی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو ہمارے بزرگوں نے طویل جدوجہد، انتھک محنت، اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے ایک آزاد، خودمختار ریاست کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک جشن نہیں بلکہ عہدِ نو کی تجدید کا دن ہے، ایک ایسا عہد جو ہمیں وفاداری، خدمت، اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے دلوں میں یہ عزم تازہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی، سالمیت اور بقاء کے لیے تمام ممکن وسائل اور توانائیاں وقف کریں گے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانیِ پاکستان کا یہ پیغام — "کام، کام اور صرف کام" — آج بھی ہماری کامیابی کی سب سے بڑی کنجی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہمیں ان اصولوں کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا تاکہ پاکستان ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہو سکے۔ مراد علی شاہ نے سندھ کی تاریخی، تہذیبی اور سیاسی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی سرزمین پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک ہر محاذ پر وطن عزیز کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہا سندھ کی عوام نے ہمیشہ بھائی چارے، رواداری، جمہوریت، اور آئینی بالادستی کے اصولوں کو اپنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سندھ کے عوام کو ان کی قربانیوں، جذبے اور حب الوطنی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آزادی کے شہداء کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان سپاہیوں، بزرگوں، ماؤں، بہنوں، نوجوانوں، اور بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ دن انہی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جن میں دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ واریت، غربت، اور جہالت شامل ہیں، اُن کا خاتمہ صرف قومی اتحاد، اتفاق، اور اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ایک دوسرے کو برداشت کرنا سیکھیں، اور پاکستان کو ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے طلبہ، نوجوانوں، خواتین، کسانوں، مزدوروں، تاجروں اور تمام طبقہ ہائے فکر سے اپیل کی کہ وہ اپنی سطح پر ملک و ملت کی بہتری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے تعلیم، صحت، صاف پانی، زراعت، روزگار، اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں، جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مضبوط اور مستحکم ریاست بنایا جائے جہاں ہر شہری کو برابری کے مواقع حاصل ہوں۔ پیغام کے اختتام پر سید مراد علی شاہ نے دعا کی کہ "اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، ترقی عطا کرے، اور ہمیں ایمانداری، اخلاص اور استقامت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق دے۔

Back