وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم جمہوریت پر پیغام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم جمہوریت پر پیغام

Posted on: 15 Sep 2025   Tags:

کراچی (15 ستمبر 2025ء)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج 15 ستمبر دنیا بھر میں یومِ جمہوریت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز ہے اور اس کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہمیشہ عوامی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے رہی ہے۔ جمہوری اداروں کی مضبوطی ملک کے استحکام کی ضمانت ہے اور پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی پیپلز پارٹی کی تاریخی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہی حقیقی جمہوریت ہے اور سندھ حکومت جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ شفافیت، انصاف اور عوامی خدمت ہی جمہوریت کا حسن ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو حقِ رائے دہی اور جمہوری شعور دیا اور پاکستان کو متفقہ آئین 1973 کا تحفہ دیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف بہادری سے جدوجہد کی اور اپنی جان قربان کر کے عوامی حاکمیت کا پرچم بلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر قومی اتحاد کو قائم رکھا اور پارلیمان کو اختیارات منتقل کر کے جمہوریت کو مزید مضبوط کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بھی جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین، پارلیمان اور عوامی حاکمیت کا دفاع کیا ہے اور اپنی قیادت و کارکنان کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ شہید رہنماؤں کی قربانیاں ہی جمہوریت کی بقا کی ضمانت ہیں۔

Back