وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ماؤں کے عالمی دن پر پیغام
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ماؤں کے عالمی دن پر پیغام
Posted on: 13 May 2025 Tags:کراچی (11 مئی): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ماں کے مقدس رشتے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں دنیا کی سب سے مخلص اور بے لوث ہستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں بچے کی پہلی درسگاہ اور اس کی اولین دوست ہوتی ہے۔ ماں اپنی پوری زندگی بچوں کی پرورش، تربیت اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے وقف کر دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ماں اپنی محبت، قربانی اور دعاؤں سے اولاد کی زندگی سنوارتی ہے۔ ماں کی دعا میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ تقدیر بدل سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھ کر اس کے مقام کو بلند ترین بنایا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ماں کی محبت دنیا کی واحد غیر مشروط محبت ہے جو کسی صلے یا مفاد کی محتاج نہیں ہوتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم یافتہ ماں ایک مہذب اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ نسلوں کی بہتری کے لیے ہر ماں کو تعلیم دلانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ ایک روشن، پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔
Back