وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ملیریا کے عالمی دن پر پیغام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ملیریا کے عالمی دن پر پیغام

Posted on: 26 Apr 2025   Tags:

کراچی (25 اپریل 2025)  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملیریا مچھر سے پھیلنے والی خطرناک بیماری ہے اور ہماری حکومت ملیریا کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔ انہوں نے ملیریا کی روک تھام اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملیریا ایک مچھر سے پھیلنے والی خطرناک بیماری ہے اور اس کے خاتمے کے لیے عالمی دن "Zero Malaria Starts with Me" اور "Ready to Beat Malaria" کے تھیم کے تحت پوری دنیا میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ ملیریا کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں 3541 ہیلتھ پروفیشنلز ملیریا کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سیلاب متاثرہ علاقوں خاص طور پر ضلع قمبر کے تعلقہ نصیر آباد میں ایک لاکھ مچھر دانیاں تقسیم کی گئی ہیں تاکہ عوام کو ملیریا سے بچایا جا سکے۔  وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ملیریا اور ڈینگی کیسز میں 45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ سندھ حکومت کی صحت عامہ کی پالیسیوں اور اقدامات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول ہی صحت مند معاشرت کی بنیاد ہے، اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سندھ حکومت صحت عامہ کے میدان میں نمایاں کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس پیغام کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا کہ ماحول کو صاف رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس جنگ میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ ملیریا جیسے خطرات سے بچا جا سکے۔

Back