وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا سابق وزیراعلیٰ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا سابق وزیراعلیٰ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
Posted on: 23 Nov 2025 Tags:کراچی (یکم نومبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آفتاب شعبان میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے اور پاکستان پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ رہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مرحوم کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے مرحوم آفتاب میرانی کو دیانت دار، منکسر المزاج اور باوقار شخصیت قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم کے اہلِ خانہ، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا پیغام دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا آفتاب شعبان میرانی کے گھر آمد، نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت
کراچی (یکم نومبر 2025): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مرحوم آفتاب شعبان میرانی کے گھر پہنچے اور ان کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم کی میت کو کندھا دیا اور ان کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق سید مراد علی شاہ، آفتاب شعبان میرانی کی میت کے ہمراہ مسجد بیت السلام گئے، جہاں مرحوم کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں، کارکنان اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آفتاب شعبان میرانی کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم دیانت دار، باوقار اور منکسرالمزاج شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی۔ بعد ازاں سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کو گذری قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ تدفین میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء سعید غنی، وقار مہدی، امتیاز شیخ اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وقار مہدی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے آفتاب شعبان میرانی کی آخری آرامگاہ پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ رہنماؤں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔