وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی بھارتی فورسز کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی بھارتی فورسز کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت
Posted on: 07 Oct 2025 Tags:کراچی (04 اکتوبر): تھرپارکر کے سرحدی گاؤں سانوڑانی میں بھارتی بارڈر فورسز کی فائرنگ اور تشدد سے 8 بکریاں ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئیں۔ بھارتی فورسز نے معصوم جانوروں پر نہ صرف فائرنگ کی بلکہ لوہے کی سلاخوں سے بھی حملہ کیا، جس کے باعث کئی بکریوں کی ٹانگیں اور ریڑھ کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے درندگی کی بدترین مثال اور انسانیت کے منہ پر طمانچہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کا یہ عمل امن کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ لائیواسٹاک کی ٹیم فوری طور پر متاثرہ گاؤں پہنچی، جہاں ڈاکٹرز نے زخمی جانوروں کا علاج کیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق، لائیواسٹاک کی ٹیم جائے وقوعہ پر اب بھی موجود ہے اور جانوروں کی مسلسل دیکھ بھال جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ مالکان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور علاقے میں صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ متاثرہ مالکان کے ساتھ کھڑی ہے اور جانوروں کے تحفظ و فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو یہ معاملہ سفارتی سطح پر اٹھانے کی سفارش کی جائے گی تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
Back