پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا: وزیراعلیٰ سندھ

پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا: وزیراعلیٰ سندھ

Posted on: 10 May 2025   Tags:

کسی بھی جارحیت کا ہر محاذ پر مضبوط اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: مراد علی شاہ کا پاک فوج کو سلام

قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہے، آپریشن بنیان المرصوص نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (10 مئی): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پرجوش بیان جاری کرتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا اور پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی سے متعلق پختہ عزم کو دہرایا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کرتے  ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا ہر محاذ پر مضبوط اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔  سید مراد علی شاہ نے پاکستانی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہادری اور قومی دفاع کے لیے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہے اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔   انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص سے پیدا ہونے والے قومی فخر کے جذبے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی جارحیت کا جواب مناسب اور دوٹوک انداز میں دیا جائے گا۔  خطے میں عدم استحکام کے خدشے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جنگی بیان بازی خطے میں امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے پاکستان کے امن سے متعلق مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ملک ہے، لیکن قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ  سندھ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کریں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بھارتی ایئربیسز پر جوابی حملوں کو قومی عزم اور خوداعتمادی کا مظہر قرار کہا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینا نہ صرف موزوں تھا بلکہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھا۔

Back