پورٹ پر ٹریفک کا ہجوم – وزیراعلیٰ کا فوری اقدامات کا حکم

پورٹ پر ٹریفک کا ہجوم – وزیراعلیٰ کا فوری اقدامات کا حکم

Posted on: 06 May 2025   Tags:

کراچی (3 مئی): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 11 دن کی بندش کے بعد بابر لوئی روڈ کے دوبارہ کھلنے  سے بندرگاہ کے اطراف  شدید ٹریفک  کی بندش پر اپنے خدشات کا اظہارکیا۔  ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کارگوسروس کی معطلی سے اشیاء کی نقل مکانی  روک  دی گئی تھی، اب یک دم  راستوں بحالی سے داخلی اور خارجی مقامات پر  ٹریفک کی بندش کا مسئلہ سامنے آرہا ہے۔وزیراعلیٰ  سندھ نے کہا کہ چائنا پورٹ (SAPT) پر متعدد جہازوں  کے لنگر انداز ہونے اورٹریفک کی روانی کا  بار بار متاثر ہونا تکلیف کا باعث بن رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے ٹریفک پولیس کو موجودہ ٹریفک بحران سے نمٹنے اور مستقبل میں پیش آنے والی روکاٹوں کے پیش نظر اقدامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان اقدامات میں بندرگاہ کے قریب7/24 ٹریفک مانیٹرنگ سیل کا قیام، نقل و حرکت کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کارگو گاڑیوں کے داخلے کے اوقات کو نافذ کرنا، ٹرکوں کی روانی کو بہتر کرنے کے لیے عارضی پارکنگ زون قائم کرنا، بندرگاہ حکام ، پولیس اور لاجسٹکس کمپنیوں کے درمیان روزانہ کوآرڈینیشن میٹنگز کا انعقاد کرنا،  اضافی ٹریفک کو موڑنا، کارگو کی ترسیل اور آمد کے لیے ڈیجیٹل سلاٹ بکنگ سسٹم کا نفاذ، رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے موبائل رسپانس ٹیموں کو تعینات کرنا اور میڈیا اپ ڈیٹس اور ٹریفک الرٹس کے ذریعے مسلسل پبلک کمیونیکیشن کو یقینی بنانا۔وزیر اعلیٰ سندھ  نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بندرگاہ پر ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے تیزی اور باہمی تعاون سے کام کریں۔

Back