ٹریفک قوانین کی پاسداری نہیں کرنے والوں کے خلاف کاررائی کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ
ٹریفک قوانین کی پاسداری نہیں کرنے والوں کے خلاف کاررائی کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ
Posted on: 20 May 2025 Tags:کراچی (17 مئی): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹریفک کی بڑھتی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرتے ہوئے کراچی بھر میں جامع کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔مہم کا مقصد ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ لوگوں کی قیمتی زندگیوں کو محفوط بنایا جاسکے۔معمولی غفلت /لاپرواہی کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو 9 مئی تا 16 مئی کے دوران ٹریفک قوانین کے نفاذ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی ایک تفصیل رپورٹ پیش کی گئی جس میں خلاف ورزی کی صورت میں فوری اور بروقت کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 43,852 موٹر سائیکلیں مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کرلی گئیں جن میں زیادہ ترہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ضبط کی گئیں۔ ٹریفک پولیس نے 3951فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی ۔ مزید برآں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 685 ہیوی اورلائٹ گاڑیاں ضبط کی گئیں جو حکومت کے سنجیدہ اقدامات کو ظاہر کرتی ہے ۔ گاڑیوں کی فٹنس کا معاملہ بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ ٹریفک پولیس نے غیر موزوں سمجھی جانے والی 25 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی اور 663 دیگر کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کرنے کی تجویز دی۔ ٹریفک قوانین کی شدید خلاف ورزی کی صورت میں 22 چالان جاری کیے گئے۔وزیراعلیٰ سندھ کو چنگچی اور موٹرسائیکل رکشوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ 16 اپریل تا 16 مئی 2025 تک شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے کارروائیاں کی گئیں ، 11 نامزد ماڈل سڑکوں پر چنگچی اور موٹر سائیکل رکشوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کہ قوانین کی خلاف ، لاپرواہی،خطرناک ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کی صورت میں چنگچی اور موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف 194 ایف آئی آر درج کی گئیں۔کریک ڈاؤن کے دوران 434 رکشوں کو تحویل میں لے کر ان کے ڈرائیوروں کو گرفتار کیا گیا۔ مزید 25 غیر رجسٹرڈ رکشے ضبط کرلئے گئے۔ پولیس نے غیر قانونی طور پر ایل پی جی اور سی این جی کٹس لگانے پر 377 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جو کہ سیفٹی کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہیں۔کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 12,183 جرمانے کیے گئے، جو عوام کی حفاظت اور قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی فعال کوششوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوام کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تاکید کی تاکہ قیمتی جانوں کو محفوط کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین صرف اصول نہیں بلکہ یہ آپ کی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کا ضامن ہیں۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ پہنیں،گہرےشیشے اور فینسی نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی گاڑیاں رجسٹرڈ اوران کی فٹنس اچھی ہو۔مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ شہر میں ہیوی گاڑیوں کی رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی گاڑی مناسب فٹنس یا رجسٹریشن کے بغیر سڑک پر پائی گئی تو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈرائیوروں کو حفاظتی قوانین پر عمل کرنے ، احتیاط اور ذمہ داری سے ڈرائیونگ کرنے کی تاکید کی۔
Back