سید مراد علی شاہ کا KCCI میں تصدیقی کاؤنٹرز کا دورہ، گل پلازہ متاثرین کی بحالی کا اعلان

سید مراد علی شاہ کا KCCI میں تصدیقی کاؤنٹرز کا دورہ، گل پلازہ متاثرین کی بحالی کا اعلان

Posted on: 20 Feb 2026   Tags:
کراچی (14 فروری): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کے روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) میں قائم تصدیقی کاؤنٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گل پلازہ سانحے سے متاثرہ تاجروں سے ملاقات کی اور نقصانات کی تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت انہیں عارضی طور پر پارکنگ پلازہ، نیو جامعہ مارکیٹ اور کورنگی روڈ پر واقع رائل مارکیٹ میں متبادل جگہ فراہم کرے گی، جبکہ نقصانات کا مکمل معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں گل پلازہ سے متاثرہ تاجروں کے نقصانات، ملکیت یا کرایہ داری کے دعوؤں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور جام اکرام دھاریجو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ چیمبر میں وزیراعلیٰ سندھ نے کے سی سی آئی کے رہنماؤں زبیر موتی والا اور جاوید بلوانی سے ملاقات کی۔ اس دوران گل پلازہ سے متاثرہ دکانداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو قائم کردہ کاؤنٹرز پر اپنے نقصانات، دکانوں کی ملکیت یا کرایہ داری اور سامان کے نقصان سے متعلق دعوؤں کی تصدیق کروا رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے ذاتی طور پر کاؤنٹرز کا دورہ کر کے تصدیقی عمل کا مشاہدہ کیا۔ خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت سانحے کے 62 شہداء کے 45 خاندانوں کو فی خاندان ایک کروڑ روپے ادا کر چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ دکانداروں کے لیے پانچ لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ایک ہزار 153 معاوضے کے چیک تقسیم کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ہم متاثرہ تاجروں کی مکمل بحالی کے لیے پرعزم ہیں اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہو جاتے۔ کے سی سی آئی کے کانفرنس روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اسے دل دہلا دینے والا سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن طریقے سے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ آصف علی زرداری نے بھی ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوا جائے اور ان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ مراد علی شاہ نے شفاف انداز میں تصدیقی عمل مکمل کرنے پر کراچی چیمبر کو سراہا اور کہا کہ یہ عمل اگلے روز تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر کراچی سے تصدیق شدہ فہرست طلب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ منظوری کے بعد پانچ دن کے اندر فنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میں آج ہی سمری منظور کر دوں گا اور پانچ دن کے اندر معاوضے کے چیک متاثرین تک پہنچ جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ متاثرہ تاجروں کو عارضی طور پر پارکنگ پلازہ، نیو جامعہ مارکیٹ اور رائل مارکیٹ کورنگی روڈ میں جگہ دی جا رہی ہے اور گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر بھی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس سانحے سے متاثرہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ آگ سے تحفظ کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کو تقریباً 200 فائر ٹینڈرز کی ضرورت ہے اور موجودہ کمی کو تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سال کے اندر مطلوبہ تعداد کا انتظام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر زبیر موتی والا نے سندھ حکومت کے فوری ردعمل پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر دیانتداری سے تصدیقی عمل مکمل کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن تاجروں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے انہیں فوری معاوضے کے لیے سفارش کی جا رہی ہے اور تمام کاروباری حضرات کو آگ سے بچاؤ کے انتظامات یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت نقصانات کے ازالے، تاجروں اور مزدوروں کی بحالی اور گل پلازہ کی جلد از جلد تعمیر نو کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
Back