صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ، وزیراعلیٰ سندھ کی شدید مذمت
صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ، وزیراعلیٰ سندھ کی شدید مذمت
Posted on: 03 Oct 2025 Tags:کراچی (2 اکتوبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نہتے اور پرامن قافلے پر اسرائیلی جارحیت قابلِ مذمت ہے، عالمی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ اور مسلم امہ کو فوری طور پر مداخلت کرنی چاہیے تاکہ فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اب خاموش تماشائی کا کردار ترک کرنا ہوگا اور اسرائیلی جارحیت کا مؤثر بین الاقوامی جواب دیا جانا چاہیے۔ سید مراد علی شاہ نے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ فلسطینی عوام کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا اور وقت آگیا ہے کہ عالمی ادارے عملی اقدامات کریں۔
Back