سندھ میں پاکستان کی 78ویں جشن آزادی کی 14 روزہ تقریبات کا آغاز ہوچکا، مراد علی شاہ
سندھ میں پاکستان کی 78ویں جشن آزادی کی 14 روزہ تقریبات کا آغاز ہوچکا، مراد علی شاہ
Posted on: 11 Aug 2025 Tags:کراچی (09 اگست) : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معین خان اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں آزادی کی 78ویں سالگرہ اور حالیہ قومی کامیابیوں کے تناظر میں 14 روزہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بھٹائی الیون اور قلندر الیون کے درمیان نمائشی کرکٹ میچ منعقد ہوا جس میں بھٹائی الیون نے کامیابی حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ جشن اس تاریخی فتح کی یاد میں منایا جا رہا ہے جو اللہ تعالیٰ کی مدد، پوری قوم کی دعاؤں اور مسلح افواج کی شاندار کارکردگی سے حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم زندہ ہے، اپنی آزادی کی قدر کرتی ہے اور اس آزادی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو ایٹمی اور میزائل صلاحیت سے لیس کیا جبکہ حالیہ کامیابیوں میں مسلح افواج اور قوم نے یکجہتی کے ساتھ دشمن کو واضح پیغام دیا۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی ور سابقہ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جنگ سے قبل، دوران اور بعد میں مؤثر سفارتکاری کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان کے عالمی تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ آج پاکستان کے امریکہ، چین، ایران اور خلیجی ریاستوں سمیت کئی ممالک کے ساتھ مضبوط سفارتی روابط قائم ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ محدود بجٹ کے باوجود صوبے بھر میں ہاکی، کرکٹ اور فٹبال کے گراؤنڈز تعمیر کیے گئے ہیں جن میں لیاری کا جدید فٹبال گراؤنڈ بھی شامل ہے۔
Back