زخمی اونٹنی چاندنی کا کامیاب آپریشن، وزیراعلیٰ سندھ کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ ارسال
زخمی اونٹنی چاندنی کا کامیاب آپریشن، وزیراعلیٰ سندھ کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ ارسال
Posted on: 30 Sep 2025 Tags:کراچی (27 ستمبر): صوبائی محکمہ لائیواسٹاک اینڈ فشریز کی میڈیکل ٹیم نے زخمی اونٹنی "چاندنی" کا کامیاب آپریشن مکمل کرلیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کی تفصیلی رپورٹ سیکریٹری کاظم جتوئی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ارسال کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صالح پٹ ضلع سکھر سے لائی گئی 18 ماہ کی مادہ اونٹنی "چاندنی" 19 ستمبر کو سی ڈی آر ایس میں داخل کی گئی تھی۔ اونٹنی کے جبڑے اور پچھلی دائیں ٹانگ پر کلہاڑی کے وار سے شدید زخم اور فریکچر تھے جبکہ وہ لاغر اور کمزوری کی حالت میں تھی۔ میڈیکل بورڈ نے جمعہ 26 ستمبر کو دو بڑے آپریشنز کیے (1 جبڑے (لوئر جبڑا) کی ہڈی کو بون پننگ ٹیکنیک کے ذریعے درست کیا گیا۔ (2) پچھلی دائیں ٹانگ کا آپریشن کرکے اسے کاٹ دیا گیا۔ تین گھنٹے طویل آپریشن سہ پہر 1 بج کر 25 منٹ سے 4 بجکر 40 منٹ تک جاری رہا جو مکمل طور پر کامیاب اور بغیر خون بہائے کیا گیا۔ سرجری ڈاکٹر جاوید کھوسو، ڈاکٹر ذوالفقار حیدر اوٹھو اور ڈاکٹر محمد علی گوپان نے انجام دی جبکہ اینستھیزیا ڈاکٹر شالہ حیات اور ڈاکٹر محمد علی ایاز نے دیا۔ میڈیکل بورڈ کے مطابق اونٹنی چاندنی اب خطرے سے باہر اور مکمل ہوش میں ہے۔ وہ اگلے دو دنوں میں خوراک نگلنے کے قابل ہوجائے گی اور تین سے پانچ ہفتوں میں باقاعدہ کھانے کے قابل ہوگی۔ اس وقت میڈیکل ٹیم کی تمام توجہ چاندنی کی صحت کی بحالی اور مسلسل نگرانی پر ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ چاندنی کے دونوں بڑے زخم کامیابی سے مکمل کئے گئے ہیں اور وہ اب تیزی سے صحت یاب ہورہی ہے۔
Back