زمین ہماری ماں ہے، اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے: وزیراعلیٰ سندھ

زمین ہماری ماں ہے، اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے: وزیراعلیٰ سندھ

Posted on: 23 Apr 2025   Tags:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی یوم ارض کے موقع پر پیغام

زمین ہماری ماں ہے، اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے: وزیراعلیٰ سندھ

دریائے سندھ پر نئے کینال ماحولیاتی جرم، وفاقی پالیسی ماحولیاتی توازن کے لیے خطرہ قرار

انڈس ڈیلٹا کئی برسوں سے پانی سے محروم ہے؛ ماحولیاتی نظام تباہی کا شکار ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ہمیں حیاتیاتی تنوع میں خلل ڈالنے والے اقدامات اور جرائم سے اجتناب کرنا ہوگا، مراد علی شاہ

کراچی (22 اپریل 2025ء)  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم ارض (انٹرنیشنل ارتھ ڈے) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں زمین کو "ماں" قرار دیتے ہوئے اس کے تحفظ کو ہر انسان کی اولین ذمہ داری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرت سے ہم آہنگی اور ماحول کا توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انسانی مداخلت نے ماحول پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں، ہمیں حیاتیاتی تنوع میں خلل ڈالنے والے اقدامات اور جرائم سے اجتناب کرنا ہوگا۔   وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر مزید کینالز کی تعمیر کو ماحولیاتی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ کا پانی چھیننے کے مترادف ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے کینال ناقابل قبول ہیں، اور ان کا مطلب صرف سندھ نہیں بلکہ پورے ملک کے زرعی مستقبل کو خطرے میں ڈالنا ہے۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو 1991ء کے معاہدے کے تحت بھی پورا پانی نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دریائے سندھ کا پانی سندھ کی زندگی ہے، اس پر کٹ لگانا زمین کے وجود کو زخمی کرنے کے مترادف ہے۔ وفاقی حکومت کی کینال پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے اسے ماحولیاتی توازن کے لیے خطرناک قرار دیا اور کہا کہ دریاؤں کی قدرتی روانی کو روکنا ماحولیاتی جرم ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ارتھ ڈے کے موقع پر نہ صرف زمین بلکہ دریاؤں کے تحفظ میں بھی فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مزید کینالز بنائے گئے تو زراعت ہی نہیں، ملک کا مستقبل بھی خشک ہو جائے گا۔  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انڈس ڈیلٹا کئی برسوں سے پانی سے محروم ہے جس سے وہاں کا ماحولیاتی نظام تباہی کا شکار ہو رہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت جنگلات کے تحفظ، شجرکاری، صاف توانائی اور ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ماحول دوست منصوبوں میں عوام کی بھرپور شمولیت چاہتی ہے، اور زمین کے غلط استعمال، آلودگی اور جنگلات کی کٹائی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے حکومت سندھ کی ماحولیاتی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں جنگلات کی کٹائی، زمین کے غلط استعمال اور آلودگی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سندھ کابینہ نے 2022 میں موسمیاتی تبدیلی پالیسی منظور کی، جس کا مقصد ان اثرات کو پہچاننا اور مؤثر منصوبہ بندی کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے تحت 185 نئی واٹرکورسز کی تعمیر، 500 کی لائننگ، ہزاروں کسانوں کی تربیت، اور جدید زرعی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے جبکہ انڈس ڈیلٹا کی صفائی اور شجرکاری کے اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپرا) صنعتی اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز میں قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کلفٹن میں 200 ایکڑ پر قائم اربن فارسٹ کو ماحولیاتی بہتری کی جانب عملی قدم قرار دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئیں! ہم سب مل کر زمین کے بچاؤ اور ماحولیاتی نظام کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔ ہمیں معیشت، ماحول اور معاشرت کو ہم آہنگ کر کے ترقی کے نئے راستے اپنانا ہوں گے۔  انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور زمین کو محفوظ و خوبصورت بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔

Back