فن ہمارا امن کا ہتھیار ہے، ہماری نوجوان نسل اسکے بے خوف سپاہی ہیں، مراد علی شاہ
فن ہمارا امن کا ہتھیار ہے، ہماری نوجوان نسل اسکے بے خوف سپاہی ہیں، مراد علی شاہ
Posted on: 26 May 2025 Tags:کراچی (24 مئی): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ فن ہمارا امن کا ہتھیار ہے اور ہماری نوجوان نسل اس کے بے خوف سپاہی ہیں، اس لیے ہمیں انہیں مزید مضبوط کرنا ہوگا تاکہ وہ امن اور سکون کیلئے مسلسل اپنی کارکردگی دکھاتے رہیں۔ انہوں نے یہ بات سندھ میں اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس میں آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تین روزہ آرٹس المنی فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ یہ فیسٹیول آرٹس کی تعلیم میں پانچ دہائیوں کی کامیابیوں کا جشن منا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تخلیقی اذہان کی تربیت میں آرٹس کونسل کے کردار کو سراہا اور اس فیسٹیول کو پاکستان کے شہداء اور افواجِ پاکستان کی بہادری کے نام منسوب کیا اور اسے قومی اتحاد اور استقامت کی علامت قرار دیا۔ مراد علی شاہ نے طلباء اور انتظامیہ کو کامیاب فیسٹیول کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان کے شہداء اور پاک فوج کی شاندار کامیابیوں کے نام اس ایونٹ کو منسوب کرنے پر آرٹس کونسل کی کاوشوں کو سراہا اور اسے قومی اتحاد اور فخر کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے ایک قوم ہیں۔ ہماری افواجِ پاکستان ہمارے وطن کے ہر انچ کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر افواج کی قیادت کو حالیہ امن دشمن عناصر کی طرف سے لاحق خطرات کے مقابلے میں ان کی مضبوط اور مؤثر حکمت عملی پر خراجِ تحسین پیش کیا جس نے قومی حوصلے کو بلند کیا اور عالمی سطح پر پاک افواج کے وقار کو مزید مستحکم کیا۔ مراد شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے شہداء کی قربانیاں ملک کے دفاع کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے 1965 کی جنگ، 1971 کا معرکہ اور کارگل آپریشن جیسے اہم لمحات کو قومی استقامت اور بہادری کی مثالیں قرار دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی آرٹس کونسل کی تعلیمی، فنی اور ادبی سرگرمیوں کے تسلسل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس المنی فیسٹیول 2025 نوجوان طلباء کو اپنی تخلیقی زندگی میں نئی راہیں تلاش کرنے کی ترغیب دے گا، جن میں پینل ڈسکشنز، تھیٹر، موسیقی، مصوری کی نمائشیں اور معلوماتی ورکشاپس شامل ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی میں آرٹس کونسل آتا ہوں، میں نئی امید کے ساتھ واپس جاتا ہوں۔ نوجوانوں کی توانائی، جدت اور صلاحیت مجھے یقین دلاتی ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے طلباء اور نوجوانوں کو نشانہ بنانے والے امن دشمن عناصر کے خطرات پر بھی بات کی۔ انہوں نے حالیہ المناک واقعات کا ذکر کیا جن میں خضدار، بلوچستان میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ جس میں کئی معصوم طلباء شہید ہوئے اور بہاولپور میں تعلیمی ادارے پر حملہ شامل ہے۔ انہوں نے ان حملوں کی سخت مذمت کی اور سندھ حکومت کی جانب سے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے دشمن بندوق اور بارود استعمال کرتے ہیں لیکن ہمارے طلباء قلم اور برش کی طاقت سے مقابلہ کرتے ہیں۔ تعلیم اور فن کے ذریعے آپ کو ان کی نفرت انگیز سوچ کو شکست دینا ہوگی۔ مراد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل جیسے ادارے نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کی پرورش کر رہے ہیں بلکہ سندھ اور پاکستان کی پرامن شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو فن، ادب و ثقافت سے تشکیل پائی ہے۔ ہمارے طلباء آئی ٹی جیسے شعبوں میں بھی قیادت کر رہے ہیں اور دشمنوں کی ڈیجیٹل حکمت عملیوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Back