حکومت سندھ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدام، وزیراعلیٰ سندھ نے ای کابینہ ایپ کے آغاز کی منظوری دے دی

حکومت سندھ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدام، وزیراعلیٰ سندھ نے ای کابینہ ایپ کے آغاز کی منظوری دے دی

Posted on: 07 Jul 2025   Tags:

کراچی (4 جولائی) حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک انقلابی اقدام، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ای کابینہ ایپ کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔

یہ جدید پلیٹ فارم مکمل طور پر کاغذ سے پاک (پیپر لیس) نظام کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے جو نہ صرف سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنائے گا بلکہ ماحولیاتی پائیداری کو بھی فروغ دے گا۔ اس ایپ کے ذریعے اجلاس کی تیاری کا وقت آدھے سے بھی کم ہو جائے گا جبکہ حکومت کے کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے اس سے قبل صوبائی آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایک صارف دوست ای کابینہ ایپ تیار کرے تاکہ کابینہ کی کارروائی اور سمریوں سے کاغذی کارروائی ختم کی جا سکے۔ ایپ کی تیاری کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں اس کی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، سعید غنی، مکیش چاؤلہ، جام خان شورو، ضیاء لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، سیکریٹری آئی ٹی نور سموں، سیکریٹری وزیراعلیٰ زمان ناریجو، سیکریٹری جی اے محمد علی کھوسو اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صرف کاغذ پر سالانہ 11 ملین روپے سے زائد کے اخراجات ہو رہے ہیں جبکہ فائل کورز، بورڈز، ایندھن اور اسٹاف کی لاگت اس کے علاوہ ہے۔ ای کابینہ ایپ سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ خفیہ معلومات کی حفاظت، وقت کا مؤثر استعمال اور ای گورننس کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس کے ذریعے سندھ حکومت کو ایک جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی صوبے کے طور پر پیش کیا جا سکے گا اور ماحول پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔

ای کابینہ ایپ کی خصوصیات

کابینہ کی سمریوں اور اجلاسوں کی مکمل کارروائی کا انتظام

پرفارمنس ڈیش بورڈز جو کلیدی کارکردگی کے اشارے ( کے پی آئیز) کی نگرانی کریں گے

چیف منسٹر اور چیف سیکریٹری کے لیے الگ ڈیش بورڈز جو تمام محکموں کی کارکردگی ظاہر کریں گے

جدید سرچ آپشنز۔۔۔ تاریخ، ایجنڈا یا موضوع کے لحاظ سے تلاش کی سہولت

آف لائن موڈ ۔۔ انٹرنیٹ کے بغیر بھی سمریاں اور ایجنڈا دیکھنے کی سہولت

حسب ضرورت منظوری کا نظام اور مختلف فائل فارمیٹس کی معاونت

ایپ کابینہ کمیٹی برائے فنانس ( سی سی ایف) کی کارروائی اور اجلاس کے منٹس بھی سنبھالے گی۔

آئندہ اقدامات

وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ رولز آف بزنس میں ضروری ترامیم تجویز کریں تاکہ ای کابینہ ایپ کو باقاعدہ طور پر فعال کیا جا سکے۔ یہ ایپ سندھ میں جدید طرز حکمرانی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Back