وزیراعلیٰ ہاوس سندھ میں کرسمس کی تقریب، وزیراعلیٰ نے کیک کاٹا

وزیراعلیٰ ہاوس سندھ میں کرسمس کی تقریب، وزیراعلیٰ نے کیک کاٹا

Posted on: 30 Dec 2025   Tags:

کراچی (25 دسمبر): وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے جمعرات کو وزیرِاعلیٰ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب کا اہتمام کیا جس کا مقصد امن، ہم آہنگی اور بین المذاہب اتحاد کا پیغام دینا تھا۔

اس موقع پر وزیرِاعلیٰ نے مسیحی مذہبی رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو دلی کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مہمانوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔ کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد پاکستان کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کرسمس مسیحی برادری کے اہم ترین تہواروں میں سے ایک ہے اور اسے دنیا بھر میں بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات امن، محبت، برداشت اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، جن کی آج کے دور میں اشد ضرورت ہے۔

وزیرِاعلیٰ نے پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے خاص طور پر مشنری اسکولوں کی خدمات کا ذکر کیا جنہوں نے ملک بھر میں تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلاامتیاز تمام شہریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ کی سرزمین پر تمام مذاہب کے ماننے والوں کے احترام اور تحفظ کی ایک طویل روایت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو امن کی ضرورت ہے، آئیں ہم سب مل کر اس دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالیں اور اس کائنات کو مزید خوبصورت بنانے کا عزم کریں۔

کراچی کے سابق آرچ بشپ، کارڈینل جوزف کوٹس نے وزیرِاعلیٰ سندھ اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وزیرِاعلیٰ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب منعقد کی اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ، علی حسن زرداری، جام خان شورو، قاسم نوید قمر، شام سندر ایڈوانی، راج ویر سنگھ، ویرجی کوہلی، ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی، سندھ اسمبلی کے ارکان، سابق ارکانِ صوبائی اسمبلی اور بڑی تعداد میں مسیحی مذہبی رہنما، بشپ، پادری، چرچ کے نمائندے اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

Back