وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایشیا کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے 100 ملین روپے کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایشیا کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے 100 ملین روپے کی منظوری دے دی

Posted on: 17 Jul 2025   Tags:

کراچی (16 جولائی 2025) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشیا کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے 10 کروڑ روپے گرانٹ، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل ( پی ڈبلیو سی سی ) کے لیے سالانہ 1.5 کروڑ روپے گرانٹ اور قومی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مخصوص کسٹمائزڈ کوسٹر (منی بس) دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے یہ اعلان بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں دو مرتبہ ایشین چیمپئن رہنے والی پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس ملاقات میں وزیر تعلیم سردار شاہ، وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، وزیر کھیل محمد بخش مہر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور محکمہ برائے خصوصی افراد ( ڈی ای پی ڈی) کے سیکریٹری طلحہ فاروقی نے شرکت کی۔ وفد میں پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی صدر رخسانہ راجپوت اور ٹیم کے کپتان محمد ذیشان شامل تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ کو آنے والے بین الاقوامی وہیل چیئر کرکٹ ایونٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وہیل چیئر کرکٹ سیریز ستمبر 2025 میں کراچی میں منعقد ہوگی۔ وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی پاکستان کرے گا، جو اکتوبر میں کراچی اور حیدرآباد کے میدانوں میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاکستان، نیپال، سری لنکا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور ممکنہ طور پر بھارت شامل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے آنے والے ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد اور قومی ٹیم کو مضبوط بنانے کے لیے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے لیے 1.5 کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ اور قومی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مخصوص کوسٹر (منی بس) فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے وزیر کھیل محمد بخش مہر کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ایشیا کپ میچوں کی میزبانی کے لیے نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں تزئین و آرائش اور تیاری کا کام شروع کریں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ ایشیا کپ کو شایان شان اور باوقار انداز میں منعقد کیا جائے۔ ہماری وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ہمیں اُنہیں وہ تمام سہولیات فراہم کرنی چاہئیں جس کے وہ حق دار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ٹیم کے کپتان محمد ذیشان کو اُن کی قیادت اور ٹیم کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں روایتی سندھی تحائف اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کیے۔ اس ملاقات نے معذور کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں کے فروغ میں سندھ حکومت کے بڑھتے ہوئے عزم کو اجاگر کیا۔ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم، جو مسلسل دو بار ایشیا کپ جیت چکی ہے، ہمت، عزم اور کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کی علامت بنتی جا رہی ہے۔

Back