پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس، جنازے میں شرکت
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس، جنازے میں شرکت
Posted on: 10 Apr 2025 Tags:کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور ممتاز سیاستدان سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاج حیدر کی وفات سے نہ صرف انہیں بلکہ پارٹی کے تمام کارکنان کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "تاج حیدر زیرک، مدبر اور سلجھے ہوئے سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے جدوجہد کی۔ ان کا انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا۔"
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ "مرحوم تاج حیدر نظریاتی سیاست کے علمبردار اور جمہوریت کے سچے سپاہی تھے۔ انہوں نے انتخابی شفافیت، سماجی انصاف اور آئین کی بالادستی کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی۔ ان کی جدوجہد پیپلز پارٹی کے ہر کارکن کے لیے مشعلِ راہ ہے۔"
سید مراد علی شاہ گزشتہ شب میڈی کیئر اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے تاج حیدر کا جسد خاکی خود مسجد یثرب منتقل کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آج مسجد یثرب میں سہ پہر 1:30 بجے سینیٹر تاج حیدر کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ، ان کے وزراء، پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما و کارکنان، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "تاج حیدر ایک مدبر سیاستدان، مصنف اور دانشور کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا انتقال ملکی سیاست کے ایک سنجیدہ اور باوقار باب کا اختتام ہے۔"
آخر میں وزیراعلیٰ نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ "اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے۔"
Back