پلاسٹک کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، مراد علی شاہ
پلاسٹک کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، مراد علی شاہ
Posted on: 26 May 2025 Tags:کراچی (25 مئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انٹرنیشنل پلاسٹک فری ڈے کے موقع پر کہا ہے کہ پلاسٹک کی آلودگی ہمارے ماحول، دریاؤں، سمندری حیات اور شہری ڈھانچے کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ اتوار کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں مراد علی شاہ نے پلاسٹک کے خاتمے کو ایک اجتماعی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک بہتر شہری ماحول کے لیے پلاسٹک کا استعمال ترک کریں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پلاسٹک سے پاک ماحول ایک بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پلاسٹک کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگست 2024 سے تمام سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال بند کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ شیشے کے جگ استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ اپریل 2025 میں سندھ حکومت نے پلاسٹک بیگز کی تیاری، فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کی جگہ کپڑے اور کاغذ سے بنی ماحول دوست اشیاء کا استعمال کریں تاکہ سندھ کو صاف اور سرسبز بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ماحول کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کی صحت مند اور بہتر زندگی کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔
Back